جھار کھنڈ: سرکاری اسکول ٹیچر نے خاتون سمیت اپنے 2ساتھی ٹیچروں کو گولی مارکر قتل کر دیا
رانچی: بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کے ایک سرکاری سکول میں ایک ٹیچر نے اپنے دو ساتھی ٹیچرز کو گولی مار کر قتل کر دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ مبینہ طورپر جھارکھنڈ کے ضلع گوڈا کے ایک سرکاری سکول میں پیش آیا ہے ۔اسکول کے کمرے میں ایک خاتون سمیت دو اساتذہ کی لاشیں خون میں لت پت پائی گئی ہے جبکہ ایک اور ٹیچر بھی شدید زخمی پایا گیا ہے۔گوڈا کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ناتھو سنگھ مینا نے میڈیا کوبتایاہے کہ یہ واقعہ دارلحکومت رانچی سے تقریبا 300 کلومیٹر دور واقع پورائی ہاٹ کے چترا اپ گریڈڈ اسکول میں پیش آیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ مبینہ طورپرایک خاتون ٹیچر سے دو مرد ٹیچروں کی محبت کی وجہ سے پیش آیا ہے جب ایک مردٹیچر نے خاتون سمیت دو ساتھی ٹیچرز کو گولی مارکر قتل کر کے خودکشی کرنے کیلئے خود کو بھی گولی مارد ی۔انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اسکول پہنچی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم ٹیچر نے اپنے ساتھیوں کو سر میں گولیاں مار کر قتل کیا جبکہ اس نے خود اپنے سر کے دائیں جانب گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی ۔