بھارتی رکن پارلیمنٹ ،بی جے پی کے نامزد امیدوار کی مبینہ جنسی ہراسانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
مودی حکومت کو شدیدشرمندگی اور حزیمت کا سامنا
نئی دلی: بھارت میں جاری لوک سبھا انتخابات کے دوران بھارتی رکن پارلیمنٹ ، بی جے پی کی اتحادی پارٹی جنتا دل سیکولر کے نامزد امیدوار اور سابق بھارتی وزیر اعظم کے پوتے پرجول ریوننا پر خواتین کی طرف سے جنسی ہراسانی کے الزامات اور اسکے بھارت سے جرمنی فرار ہونے پر مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت کو شدید شرمندگی اور حزیمت کا سامنا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 33سالہ پرجول ریونناجنوبی ریاست کرناٹک سے بی جے پی کا امید وار ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پرجول ریوننا کیخلاف ان کی گھریلو ملازمہ نے جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے اور پولیس نے اسکے خلاف جنسی ہراسگی،پیچھا کرنا،دھمکانااور خواتین کی بے حرمتی سمیت تعزیرات ہند کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔پرجول ریوننا کے والدایچ ڈی ریونناکے خلاف بھی خواتین نے شکایت درج کرائی ہے۔26اپریل کو پرجول ریوننا کے حلقے میں لوک سبھا انتخابات کی پولنگ کے دوران سوشل میڈیا پر پرجول کا نام مستقل ٹرینڈ کررہا تھا اور اگلے ہی دن اس کی قابل اعتراض ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ شکایت درج کرانے والی خاتون نے پولیس کوبتایا کہ پرجول ریوننا نے اسے اور اسکی بیٹی کو مستقل طور پر جنسی طور پر ہراسانی کا شکار بنایا ہے۔اس نے بتایا کہ وہ اوردیگر ملازمین پرجول اوراسکے والد سے شدید خوف محسوس کرتے تھے ۔ انہوں نے بتایاکہ جب بھی اس کی بیوی گھر پر نہیں ہوتی توپرجول ریوننا اسے غیرمناسب طریقے سے چھوتا اوراسے زیادتی کا نشانہ بناتا۔ متاثرہ خاتون نے مزید بتایاکہ وہ تیل کی مالش کروانے کیلئے اسکی بیٹی کو بھی بلاتا تھا اوراس سے ویڈیو کال پر فحش گفتگو کرتاتھا ۔ خاتون نے کہا کہ اسکی بیٹی نے پرجول کا نمبر بلاک کر دیا تھا۔ اس کے بعد انھوں نے کام چھوڑ دیا۔اخبار انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ہونیوالے پروجول کی قابل اعتراض ویڈیوز بظاہر ملزم نے خودبنائی ہیں اور اس میں اِن خواتین کے چہرے دیکھے جاسکتے ہیں جنھیں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایاگیا۔کرناٹک پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی ویڈیوز پین ڈرائیوز میں موجود تھیں جنہیںپارکوں ، بس اسٹینڈز اور دیگر عوامی مقامات پر رکھا گیا ۔ان ڈرائیوزمیں تین ہزار سے زائدفحش ویڈیوز ہیں ۔ پولیس کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ویڈیوز کس نے لیک کی ہیں ۔اس واقعے کے بعد کرناٹک کے خواتین کمیشن کی سربراہ ناگلکشمی چوہدری نے قصورواروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ویڈیوز دیکھ کر آپ کا خون کھولتا ہے کیونکہ ایک عورت مدد کی بھیک مانگ رہی ہے۔
واضح رہے کہ پرجول ریوننا سابق بھارتی وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کا پوتااور سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی کا بھتیجا ہے۔