مقبوضہ کشمیرکی صورتحال میں بہتری کے نریندر مودی کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں ، غلام محمد صفی
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال میں بہتری کے بارے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دعوئوں کو حقیقت کے برعکس اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے ان خیالات کا اظہار اسلام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں ملک محمد اسلم کی قیادت میں میر پور ڈویژن سے کشمیری مہاجرین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے دعوئوں کو مقبوضہ کشمیرمیں تعینات جدید ہتھیاروں سے لیس دس لاکھ سے زائد قابض فوج کی موجودگی مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں فوجی مقاصد کیلئے بنائی جا رہی ریلوے لائن، سڑکیں اور ٹنلز کی وجہ سے کشمیری کاشت کاروں کی ہزاروں ایکڑ زرخیز زمینوں پر قبضہ کیاجارہاہے ۔ غلام محمد صفی نے کہاکہ نریندر مودی ہزاروں کشمیری نوجوانوں کا قاتل ہے کشمیری عوام کا انکے اس دورے سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ مودی حکومت نے 5 اگست 2019 کو کشمیریوں سے انکی خصوصی حیثیت اور ریاستی شناخت چھین کر مقبوضہ علاقے کو دولخت کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی،اپنے حقوق اور انصاف کامطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو مودی حکومت جیلوں میں قید کر رہی ہے۔ مودی حکومت کشمیر میں اسلامی شناخت پر حملہ آور ہے۔جسکو کشمیری کسی قیمت پر قبول نہیں کرے گے۔ملاقات میں مرحوم حریت رہنما ملک عبد المجید کو تحریک آزادی کشمیر کیلئے انکی بے مثال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیاگیا اور انکے ایصال ثواب اور بلند درجات کے لیے دعا کی گئی ۔ وفد میں جاوید منہاس ،سردار جاوید ،ریاض جرال،ظفر جاوید جرال،شکور مغل،چوہدری بدر اور چوہدری آصف شامل تھے۔ ملاقات میں حریت قائدین میں پرویز احمد ، مشتاق احمد بٹ ،محمود احمد ساغر ،محمد فاروق رحمانی ، شمیم شال اور شیخ عبدالمتین بھی موجود تھے۔
ادھر حریت رہنمائوں قاضی عمران ،خالد شبیر، امتیاز بٹ، عبدلرشید بٹ ا ورسلیم ملک نے اسلام آباد میں ایک مشترکہ بیان میں کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں بھارتی وزیراعظم اور وزیر دفاع کے بے بنیاد دعوئوں کو مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال کے برعکس ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموں کشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیری عوام بھارت کے ناجائز تسلط کو بالکل بھی تسلیم نہیں کرتے۔
دریں اثناء پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک مقتل میں تبدیل کردیا ہے جہاں بھارتی دہشت گردفوج جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں سنگین ترین جنگی جرائم اوربڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاںجاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھ سوا لاکھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔ عزیر غزالی نے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو اغوا اور اذیت خانوں میں وحشیانہ تشدد کر کے شہید کرنے کے بعد اجتماعی گمنام قبروں میں دفن کردیاہے ۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے جنگی جرائم کا نوٹس لیں ۔