مقبوضہ جموں وکشمیر: چلہ کلان زوروں پر، سردی کی لہر برقرار
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں شدید سردی کی لہر مسلسل جاری ہے اور چلہ کلا ں اپنے تیور خوب دکھا رہا ہے۔ چلہ کلان 30جنوری تک جاری رہے گا۔ 21دسمبر سے شروع ہونے والا چلہ کلان مقبوضہ علاقے میں شدید ترین سردی کا دورانیہ ہوتا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں رات کا درجہ حرارت منفی4.6 جبکہ لداخ خطے کے علاقے دراس میں منفی 22ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمات نے صورتحال میں تبدیلی کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ 16سے 18جنوری تک بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے ساتھ درمیانہ درجے کی برف باری ہونے کا امکان ہے۔
شدید ٹھنڈ کیوجہ سے سرینگر کی شہرہ آفاق جھیل ڈل سمیت تمام آبی ذخائر اور نکلے منجمند ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو پانی کے مسئلے کا بھی سامنا ہے ۔ یخ بستہ ہواﺅں کے باعث سردی کی سخت لہر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں درجہ حرارت میں سب سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے ۔ سخت ٹھنڈ کیوجہ سے لوگ اپنے گھروں کے اندر رہنے کو ترجیح دیتے ہیں اور انہیں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔