بھارت کے خلاف بھر پور جوابی کارروائی، آزاد جموں وکشمیر میں پاک افواج کے حق میں ریلیاں

مظفر آباد:
بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی بھر پور جوابی کارروائی پر آزاد جموں وکشمیر میں ریلیوں ، جلسے جلوسوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ لوگ سڑکوں پر نکل کر پاک افواج کو بھر پور خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کوٹلی، ہجیرہ، نیلم، راولاکوٹ وادی لیپہ و غیرہ میں ہزاروں لوگوں نے سڑکوں پرنکل کر ریلیاں نکالیں اور پاک افواج کو سلام پیش کیا۔ انہوںنے مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اور پاکستان ، پاکسانی افواج کے حق میں فلک شگاف نعرلے گائے۔ ریلیوں کے شرکاءنے بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر ”پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد، پاک فوج کو سلام ، مظلوم کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھانے والا بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد، مقبوضہ جموں وکشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا “جیسے نعرے درج تھے۔
ریلیوں کے مقررین کا کہنا تھاکہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کے خلاف رات کی تاریکی میں ننگی جارحیت کی اور معصوم بچوں اور عورتوں سمیت بیگناہ شہری شہید کیے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان نے اس بھارتی جارحیت کا ایک بھر پور جواب دیا اور بھارت کی جنگی صلاحیت کا پول کھول دیا۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگانے والا بھارت خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے جس نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوںکا جینا حرام کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبے آزادی کو مٹانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا اور وہ وقت دور نہیں جو مقبوضہ جموں وکشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔







