تحریک آزادی کشمیرکی حمایت کرنا آزادکشمیر کے ہر شہری کا قومی فریضہ ہے: صدر آزاد کشمیر

میرپور:آزاد جموں و کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری جدوجہدآزادی کی حمایت کرنا اور اسے مضبوظ بنانا آزادکشمیر کے ہر شہری کا قومی فریضہ ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود نے اپنے آبائی علاقے چچیاں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیااور کہا کہ یہ ان کے پورے سیاسی کیرئیر میں اولین ترجیح رہی ہے۔صدر چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششوں کا حوالہ دیاجس میں امریکہ، برطانیہ، فرانس اور ترکی جیسے اہم ممالک کے دورے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اس مسئلے پر قومی اتفاق رائے کو فروغ دینے اورمختلف سیاسی پس منظر سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں کو متحد کر کے ایک متحدہ محاذ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔صدرآزادکشمیر نے تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر کے دورہ مظفر آباد سمیت حالیہ اعلیٰ سطحی دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ ان کی کامیاب مہم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دوروں سے بھارتی حکومت پر دبائو بڑھ گیاجس نے امریکہ اور برطانیہ سے باضابطہ احتجاج کیاہے۔








