مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے: جی اے گلزار

سرینگر 22 دسمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ بھارت جموں و کشمیر میں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری کی طرف سے تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے اپنے 10لاکھ سے زائد فوجیوں اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں کو استعمال کرکے متنازعہ علاقے کو پتھر کے دور کی کالونی میں تبدیل کردیا ہے جب لوگوں کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کیا جاتا تھا جن کے کوئی بنیادی حقوق نہیں ہوتے تھے ۔انہوں نے نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے ہندو اکثریت والے جموں ڈویژن کو 6 اضافی اسمبلی نشستوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ،محکمہ بجلی کی نجکاری اور علاقے کے قدرتی وسائل کے استحصال کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے نظریے کی حامل بی جے پی کی حکومت بھارت میں انتخابات جیتنے کے لئے کشمیر کو ایک کارڈ کے طور پر استعمال کررہی ہے جہاں فسطائی ووٹر بھارت کی قابض فورسز کی طرف سے محصور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر خوش ہورہے ہیں۔حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین نے کہا کہ آئینی بنیادوں کو تباہ کرنا، ریاستی قوانین کو منسوخ کرنا اور مقبوضہ جموںوکشمیر کے مسلم اکثریتی کردار کو تبدیل کرنا بھارت کے مذموم عزائم ہیں جوکشمیری عوام کبھی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جاری مزاحمتی تحریک کے ساتھ کشمیریوں کی وابستگی اور پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری حریت قیادت اور چھ ہزار سے زائد دیگر کارکنوں کی غیر قانونی نظربندی کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے اتنے بلند ہیں کہ وہ بھارت کو شکست دے سکیں۔ انہوں نے نئی دہلی کو مشورہ دیا کہ وہ حریت پسند کشمیری عوام کے جذبات کو سمجھ لیں جن کا احساس محرومی اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔غلام احمد گلزار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نسل کشی، ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی اور عالمی امن و خوشحالی کے لیے انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button