سید علی گیلانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آبادمیں حریت کانفرنس کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد
اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے قائد حریت سید علی گیلانی کی چوتھی برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے اسلام آباد مانومنٹ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ بھارتی جیلوں میں گزارااوراپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کے لئے وقف کردی تھی۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج ان کے جسد خاکی سے بھی اس قدر خوفزدہ تھی کہ ان کی نماز جنازہ ادا نہیں کرنے دی گئی۔ اس مرد مجاہد کا نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے”آج ہر کشمیری کا نعرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ آج اس مقام پر ان کے نام سے موجود ایک کارنر تشکیل دیا گیاجس میں ان کے زیر استعمال چیزیں موجود ہیں۔ سید علی گیلانی کارنر میں وہ جائے نماز جس پر وہ نماز پڑھتے تھے اور وہ قرآن پاک جس کا وہ مطالعہ کرتے تھے، موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو قومیں اپنے اسلاف کو بھول جاتی ہیں وہ زندہ نہیں رہتیں۔ انہوںنے کہاکہ وہ خواب جو سید علی گیلانی کی زندگی میں تشنہ رہا اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہم تحریک آزادی کشمیر سے مکمل طور پر جڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا آج جس دلیر ،جری، بہادر اور نڈر مرد مجاہد کی یاد میں ہم اکٹھے ہوئے ہیں، جہاد فی سبیل اللہ پر ان کا یقین پختہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ انشااللہ تحریک تکمیل پاکستان کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کو بتانا چاہتا ہوں کہ تمہاری درندہ صفت بھارتی فوج اگر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم سے باز نہ آئی تو بھارتی فوج کو اندر گھس کر ماریں گے بلکہ اس دفعہ وہاں مقیم بھی رہیں گے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کا عزم ہے کہ کشمیر کے لئے تین جنگیں لڑی ہیں ،سات اور لڑیں گے۔پارلیمانی کشمیرکمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ تحریک آزاد کشمیر میں سید علی گیلانی کا ایک مرکزی کردار ہے جنہوں نے قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ اس موقع پر پاکستان زندہ باد ،پاک فوج زندہ باد ،ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔شہدائے کشمیر و پاک فوج اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔






