بھارت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، غلام محمد صفی

مظفر آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری بیگناہ کشمیریوں نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل ، جبر ی گمشدگیوں سمیت انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق غلا م محمد صفی نے ان خیالات کا اظہار آزاد جموں وکشمیر کے علاقے لیپہ کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور وہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت بدلنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوںنے بھارتی جیلوں میں قید حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ غلام محمد صفی نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی رہائی اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوںنے شہداءکے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاک افواج کے شہداءکو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری ملتِ اسلامیہ کے ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطنِ عزیز کا دفاع کیا۔
دریں اثنا غلام محمد صفی نے اپنے وفد کے ہمراہ آزاد جموں وکشمیر کے وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی سے لیپہ میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں” یوم دفاع پاکستان“ پر حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام کل لیپہ میںنکالی جانے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔وزیرِ تعلیم نے وفد کا پرجوش استقبال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ریلی میں ضرور شریک ہونگے۔







