بھارت :مدر ٹریسا کے خیراتی ادارے کے بعد اب آکسفیم کو پابندی کا سامنا
نئی دہلی 02 جنوری (کے ایم ایس) 21 آزاد خیراتی تنظیموں کی ایک برطانوی کنفیڈریشن ” آکسفیم“ نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی طرف سے اسکے لائسنس کی تجدید کرنے سے انکار کے سبب بھارت میں اس کا کام متاثر ہوگا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ آکسفیم ان ہزاروں این جی اوز کی فہرست میں شامل ہے جن کے لائسنس کی بھارت میں تجدید نہیں ہوئی ۔ لائسنس کے بغیر یہ تنظیمیں صرف بھارت کے اندر سے عطیات حاصل کر سکتی ہیں۔آکسفیم انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو امیتابھ بہار نے کہاکہ آکسفیم بھارتی وزارت داخلہ سے رابطہ کرے گا اور ان پر زور دے گا کہ وہ فنڈنگ کی پابندیاں ختم کرے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مفلوک الحال برادریاں وبائی امراض کے اس نازک وقت میں مدد حاصل کرتی رہیں۔
یاد رہے کہ .چند روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ مدر ٹریسا کی مشنریز آف چیریٹی جو جذام کے مریضوں، مرنے والے، لاوارث بچوں، ایڈز کے شکار افراد اور بے سہارا لوگوں کے لیے کام کرتی ہے کو بھی غیر ملکی فنڈز حاصل کرنے سے روک دیا گیا ہے۔حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) این جی اوز اور سماجی کارکنوں کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بی جے پی کے رہنماو¿ں نے سماجی کارکنوں کو ملک دشمن قرار دیا ہے۔