26جنوری کونام نہادبھارتی جمہوریت کیخلاف آزاد کشمیر میں زبردست احتجاج کیاجائیگا، عزیر غزالی
مظفرآباد18 جنوری (کے ایم ایس)
پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہاہے کہ بھارت جمہوری نہیں بلکہ ایک جارح ، سفاک اور دہشت گرد ملک ہے اور 26جنوری کوبھارت کی نام نہاد جعلی جمہوریت کیخلاف پورے آزاد کشمیر میں زبردست احتجاج کیاجائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت دنیا کے نقشے پر ایک ایسا بد عہد ملک ہے جس نے کشمیری عوام سے کئے گئے حق خودارادیت کے وعدوں کو پورا نہ کر کے خود کو بد عہد ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیری عوام کے تمام بنیادی انسانی، سیاسی ، سماجی ا ور مذہبی حقوق اور انکا حق آزادی سلب کرکے ،مقبوضہ علاقے میں لاکھوں کی تعداد میں قابض فوجی مسلط او ر کالے قوانین نافذ کر کے خود کو دنیا میں جمہوریت کا علمبردار ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا جان چکی ہے کہ بھارت ایک ایسی سفاک ریاست ہے جہاں کروڑوں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتیں ریاستی ظلم اور بربریت کا شکار ہیں۔ عزیر غزالی نے کہاکہ بھارت بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں وکشمیر میں ایک سازش کے تحت نہتے شہریوں کو قتل کرکے مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدل کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ کشمیری عوام ایک دن بھارت سے تاریخ کی مشکل ترین جنگ جیت جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 26جنوری کو بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کوپورے آزاد کشمیر میں یوم سیاہ کے طورپرمنایا جائے گا۔ اس موقع پر بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔ عزیر غزالی نے آزاد کشمیر کے عوام اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ26جنوری کو یوم سیاہ منا کر دنیا بھر میں بھارت کی نام نہاد جعلی جمہوریت کا پردہ چاک کریں۔