بھارت :یوپی تھانے کے اندر باپ نے بیٹی کو چاقو مار کر قتل کر دیا
لکھنو: بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک 19 سالہ لڑکی کو اس کے والد نے ایک پولیس اسٹیشن کے اندر چاقو گھونپ کر قتل کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہاگیا ہے کہ شیوانی چوہان کو جو ایک پسماندہ طبقے سے تعلق رکھتی ہے، اس کے والد ستیہ کمار چوہان نے ضلع بانڈہ کے بدوسا پولیس اسٹیشن میں قتل کر دیا۔ لڑکی نے اپنی مرضی سے ایک دلت نوجوان 20 سالہ للت ورما سے شادی کی تھی ۔پولیس نے جوڑے کو بازیاب کر کے طبی معائنے اور بیان کے لیے سٹیشن لایا تھا۔ کونسلنگ کے دوران شیوانی نے اپنے والدین کے ساتھ گھر واپس جانے سے انکار کر دیا۔ لڑکی کی ماں رنو نے اسے پیچھے سے پکڑ رکھا تھا جب اس کے والد نے پولیس کے سامنے اس پر چاقو سے حملہ کیا۔ وہ متعدد وار سے زخمی ہوئی اور ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ اس قتل نے بھارت میں مختلف ذاتوں میں شادی کرنے والے جوڑوں کے لیے پولیس تحفظ اور بی جے پی حکومت میں غیرت پر مبنی تشدد کے بے قابو ہونے پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔انسانی حقوق کے کارکنوں نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے ذات پات کی بنیاد پر تعصب اور ادارہ جاتی ناکامی کی ایک اور مثال قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں اورنچلی ذات کے شہریوں کوکس طرح کے خطرات کا سامنا ہے۔





