مودی حکومت نے کورونا بحران میں امیر اور غریب کے درمیان خلیج بڑھا دی ، راہل گاندھی
نئی دلی 24 جنوری (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران بھارتی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے غریب اور امیر کے درمیان خلیج بڑھ گئی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ مودی حکومت نے عالمی وبا کے دوران جو بھی اقدامات کئے ہیں ان کا فائدہ صرف حکومت کے چند پسندیدہ سرمایہ داروں کا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران غریبوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے اور ان کی آمدنی میں 53فیصد کمی ہوئی ہے، جبکہ امیروں کی آمدنی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ پورا ملک کووڈ کے بحران سے دوچار ہوا،تاہم ملک کے غریب اور متوسط طبقہ کو مودی حکومت کی ‘اقتصادی وبا’کا بھی شکار ہونا پڑاہے۔ انہوں نے کہاکہ امیر اور غریب کے درمیان خلیج مزید بڑھانے کا سہرا مودی حکومت کے سر ہے۔ انہوں نے میڈی کی طرف سے جاری کئے گئے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں انتہائی غریب، متوسط طبقے اور اعلی متوسط طبقہ کی آمدنی میں 20فیصد کمی ہوئی ہے جب کہ امیر لوگوں کی آمدنی میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔