حکمران جماعتوں اور پولیس کے گٹھ جوڑپر بھارتی سپریم کورٹ کا اظہار تشویش
نئی دلی 27 اگست (کے ایم ایس )
بھارتی سپریم کورٹ نے حکمران جماعتوں کے ساتھ پولیس افسران کے گٹھ جوڑ پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا نے چھتیس گڑھ کے معطل ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس گرجندر پال سنگھ کی درخواست پر سماعت کے دوران بھارت کی حکمران جماعتوں اور پولیس افسران کے درمیان گٹھ جوڑ پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملک کیلئے پریشان کن صورتحال ہے جسے فوری روکا جانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پولیس افسران اقتدار میں موجود سیاسی جماعت کی حمایت کرتے ہیں اور اپنے مخالفین کے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔ بعد میں جب مخالفین اقتدار میں آتے ہیں تو وہ پولیس افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔چیف جسٹس نے محکمہ پولیس کو اس صورتحال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ پولیس کو قانون کی حکمرانی پر قائم رہنا چاہیے۔عدالت عظمیٰ نے گجرندر پال کو ریلیف دیتے ہوئے پولیس کو چار ہفتوں تک ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس کو غداری اورآمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کاحکم دیا۔