سرینگر میں پینے کے پانی کی قلت کے خلاف لوگوں کا احتجاج

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سرینگر کے علاقے ایچ ایم ٹی کے رہائشیوں نے تقریباً ایک ماہ سے جاری پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لوگوں کا کہنا ہے کہ رنگیل واٹر سپلائی سکیم سے فراہم ہونے والا پانی باقاعدگی سے نہیں آرہا ہے جس سے روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بار بار درخواستوں کے باوجود کوئی بہتری نہیں آرہی۔ ویلفیئر کمیٹی نوآباد نارتھ زون سرینگر نے حال ہی میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای)کے چیف انجینئر کو ایک درخواست دی جس میںان سے اپیل کی گئی کہ وہ مداخلت کرکے پانی کی باقاعدہ سپلائی بحال کرائیں اور رنگیل اسکیم کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ایک مقامی رہائشی نے بتایاکہ لوگ پانی کے لئے گھنٹوں انتظار کرتے ہیں جبکہ بہت سے لوگ دوسرے علاقوں سے پانی کا بندوبست کرتے ہیں۔ ایک اور رہائشی نے بتایا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بحران مزید بڑھ گیا ہے جس سے کھانا پکانے، دھونے اور صفائی ستھرائی میں خلل پڑتا ہے۔مکینوں نے محکمہ پی ایچ ای پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اقدامات کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اس طرح کا بحران دوبارہ پیدا نہ ہو۔






