بھارت میں کشمیری طلباء کیخلاف انتقامی کارروائی کی مذمت
سرینگریکم نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس نے دبئی میں عالمی ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے ایک میچ میں بھارت کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح کے بعد کشمیری طلبا کو نشانہ بنانے پر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی شدیدمذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ کشمیری طلبہ کو زدوکوب کیا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر کشمیری طلبہ پر ظلم و تشدد کی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر سوشل میڈیا پروائرل ہونیوالی ویڈیوزکے بعد کشمیری طلباء کے خلاف انتقامی کارروائی کی تاہم مودی حکومت نے کشمیری طلباء پر مظالم کی ویڈیوز سوشل میڈیاپر وائرل ہونے پر چپ سادھ رکھی ہے ۔ انہوں نے افسوس ظاہرکیا کہ بھارت میں کشمیریوں کے ساتھ دوسرے درجے کے شہری جیسا سلوک کیا جاتا ہے اور ان کے حقوق کو پامال کیا جاتا ہے۔احسن انتو نے کہاکہ بغاوت کے الزامات کے تحت گرفتار کشمیری طلباء کی پیروی کیلئے کوئی وکیل تیار نہیں ہے جوکہ انتہائی شرمناک بات ہے ۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کا فوری لیں۔
ادھر جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے ایک وفد نے ضلع اسلام آباد میں پارٹی رکن عابد احمد کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے والد کی وفات پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔