سکھ تنظیموں کا سیدعلی گیلانی کی وفات پر اظہار تعزیت
جموں 03ستمبر ( کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سکھوںکی مختلف تنظیموں بشمول سکھ انٹی لیکچول سرکل جموں و کشمیر ، شرومنی اکالی دل امرتسر، انٹرنیشنل سکھ فیڈریشن اور سکھ سٹوڈنٹس فیڈریشن نے بابائے حریت سید علی گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سکھوں کی تنظیموں کے سینئر رہنمائوں کا ایک ہنگامی اجلاس آج جموں میں ایس نریندر سنگھ خالصہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سید علی گیلانی کو مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پر امن حل کیلئے ان کی بے مثال قربانیوں اورغیر متزلزل عزم پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ سکھ رہنمائوں نے بھارتی حکومت کی طرف سے پورے مقبوضہ علاقے میں پابندیوں کے نفاذ اور بزرگ رہنماء کی میت اہلخانہ سے چھیننے ،جبری تدفین اور اہلخانہ اور رشتہ داروں کو انکی آخری رسومات کی ادائیگی کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کی ۔ انہوںنے اسے بدترین ظلم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ایس نریندر سنگھ خالصہ نے کہاکہ فرقہ پرست بھارتی حکمران کشمیریوں کے جذبہ حریت اور سیدعلی گیلانی سے ان کی محبت کو ختم نہیں کرسکتے ۔اس موقع پر سیدعلی گیلانی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔