بھارت نے کشمیریوں کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے، ترجمان

سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کو ان کے تمام بنیادی حقوق سے محروم کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے دس لاکھ سے زائد فورسز اہلکار علاقے میں تعینات کر رکھے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ بے لگام بھارتی اہلکاروں نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، چھاپوں ، بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کا جینا حرام کرکھاہے ۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت علاقے میں اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے آئین و قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے اور اس نے فورسز اور تحقیقاتی ایجنسیوںکو نہتے کشمیریوں کو تختہ مشق بنانے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں اظہاررائے کی آزادی کا حق مکمل طو رپر سلب ہے ، جو کوئی بھارتی جبر کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کرتا ہے ، اسے کالے قوانین کے تحت سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتاہے۔
انہوںنے کہا کہ تاہم بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہوچکے ہیں اور وہ شہداءکے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوںنے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کو رکوانے اور تنازعہ کشمیرکو عالمی ادارے کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں







