محبوبہ مفتی کی کارکنوں سے مسئلہ کشمیر کے حل کی جدوجہد جاری رکھنے کی اپیل

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ انہیں اور ان کی صاحبزادی التجا مفتی کو کشمیریوںکی آواز بلند کرنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ان کی گرفتاری کی صورت میں بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھیں۔انہوں نے کہاکہ التجا مفتی پولیس کی طرف سے طلب کئے جانے کے بعد کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن پیش ہوئی تھیں اور اگر انہیں بھی طلب کیا گیا تو وہ پیش ہوں گی، تاہم انہوں نے کارکنوں پرزوردیاکہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دیے گئے لائحہ عمل پر قائم رہیں، دفعہ 370کی بحالی جس کا ایک اہم حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے آئین کو پامال کیا ہے اور ایک وقت آئے گا جب اسے اپنی غلطی درست کرنا پڑے گی۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ پی ڈی پی 5 اگست 2019 کو منسوخ کیے گئے آرٹیکل 370 کی بحالی کے لیے اپنی پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ اگر جموں و کشمیر، اس کی زمین اور وسائل کو بچانا ہے توانہیں ثابت قدم رہنا ہوگا۔








