مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور آزاد کشمیر کے خلاف عزائم کشمیری عوام میں شدید تشویش کا باعث ہیں، آحسن اونتو

سرینگر :انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد آحسن اونتو نے کہا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور آزاد کشمیر کی سلامتی کے خلاف بھارتی عزائم نے کشمیری عوام میں گہری تشویش پیدا کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، احسن اونتو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام اپنی نظریں پاکستان اور پاک فوج کی قیادت، خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی طرف مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہندوتوا حکومت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جبکہ کشمیریوں کو ان کی زمینوں اور گھروں سے محروم کرنے کاسلسلہ بھی جاری ہے۔ بیرونِ ریاست سرکاری ملازمین کو مقبوضہ علاقے میں تعیناتی اور مقامی آبادی کو بے دخلی کے نوٹس جاری کرنا بھارتی پالیسی کا حصہ ہے۔انٹرنیشنل فورم کے چیئرمین نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات اور مبینہ دراندازیاں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی جبر نے کشمیری عوام میں شدید غم و غصہ پیدا کیا ہے اور آزادی کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔محمد آحسن اونتو نے کہا کہ کشمیری عوام فیلڈ مارشل عاصم منیر سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے ساتھ ساتھ کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو مزید مؤثر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی سلامتی، استحکام اور آزادی کشمیر کے لیے اس کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہو ں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔







