بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا
اسلام آباد 30 جنوری (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں شیخ عبدالمتین اور امتیاز وانی نے کہا ہے کہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔
حریت رہنماﺅں نے اپنے اپنے بیانات میںپلوامہ اور بڈگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے پانچ کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے اور وہ محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران بے گناہ نوجوانوں کو شہید کررہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر حل کرے۔ حریت رہنماﺅںنے کہا کہ کشمیری شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت اور ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو جیلوں میں نظر بند کر رکھا ہے۔حریت رہنماﺅں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمدہی تنازعہ کشمیر کا واحد حل ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے۔