امریکہ کی جانب سے بھارت پر ٹیرف بڑھانے کی تیاری، نئی دہلی کو بڑا دھچکہ
یہ اقدام امریکہ کے ساتھ مضبوط اسٹریٹجک تعلقات کے بھارتی دعووں کی قلعی کھولتا ہے
واشنگٹن; امریکہ رواں ہفتے بھارت سمیت مختلف ممالک پر ٹیرف بڑھانے کی تیاری کر رہا ہے جو نئی دہلی کے لئے ایک بڑا دھچکہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق واشنگٹن کا کہناہے کہ ان ممالک نے اضافی صنعتی پیداوار کو فروغ دیا جس سے امریکی کمپنیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل نے منگل کو رپورٹ کیا کہ امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر ایک تحقیقات کے نتائج جاری کرنے والے ہیں۔یہ تحقیقات ان کے دفتر نے 11مارچ کو شروع کی تھی۔ اس میں بھارت سمیت 16معیشتوں کو شامل کیا گیا تھا۔ یہ تحقیقات 1974کے تجارتی قانون کی دفعہ 301 کے تحت کی گئی۔یہ قانون غیرمنصفانہ تجارتی طریقوں کی نشاندہی پر صدر کو ٹیرف عائد کرنے کا اختیار دیتا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق گریر کا کہنا ہے کہ ان معیشتوں میں سبسڈیز اور حکومتی معاونت نے اضافی صنعتی پیداواری صلاحیت پیدا کی ہے۔اس کے نتیجے میں ان ممالک کی کمپنیاں عالمی منڈیوں میں سستی اشیا کی بھرمار کر رہی ہیں۔ اس سے امریکی صنعت کاروں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔جولائی میں امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے غیرملکی سپلائی چینز میں جبری مشقت سے متعلق تحقیقات مکمل کی تھی۔دفتر نے کہا تھا کہ ان تحقیقات سے درجنوں تجارتی شراکت داروں پر 10سے 12.5فیصد ٹیرف عائد کرنے کا جواز پیدا ہوتا ہے۔
اس اقدام کو بھارت کے لیے ایک اور بڑا دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔ بھارت پہلے ہی واشنگٹن کے بڑھتے ہوئے اقتصادی دبا وکا سامنا کر رہا ہے۔یہ پیش رفت امریکہ کے ساتھ مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کے نئی دہلی کے دعووں کی قلعی کھولتی ہے۔








