مقبوضہ جموں و کشمیر

مذہبی آزادی اور عقیدۂ توحید پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، متحدہ مجلسِ علما

سرکاری تقریبات میں ’وندے ماترم‘ کو جبراً نافذ کرنے کا عمل فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں متحدہ مجلسِ علما نے سرینگر میں وقف بورڈ کی جانب سے منعقدہ ’یومِ وقف‘ کی تقریب میں ’وندے ماترم‘ بجائے جانے پر سخت اعتراض اور گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مجلس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ نہایت افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے کہ خود وقف بورڈ کے زیرِ اہتمام تقریب میں ’وندے ماترم‘ بجایا گیا، حالانکہ وقف بورڈ ایک ایسا ادارہ ہے جس کی بنیادی ذمہ داری مسلم مذہبی املاک اور اوقاف کے تقدس و تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

متحدہ مجلسِ علما نے بیان میں واضح کیا کہ محض ایک سرکاری تقریب ہونے کی بنیاد پر ’وندے ماترم‘ بجانا کوئی لازمی قانونی تقاضا نہیں تھا بلکہ یہ ایک اختیاری عمل تھا۔ اس کے باوجود وقف بورڈ نے کشمیری مسلمانوں کے بنیادی مذہبی عقائد اور جذبات کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ایسا کیا، جس سے عوام میں شدید رنجش اور اضطراب پایا جاتا ہے۔

مجلسِ علما نے مسلم اکثریتی خطے جموں و کشمیر میں سرکاری تقریبات کے دوران ’وندے ماترم‘ کو بتدریج معمول کا حصہ بنانے پر بھی گہری فکرمندی ظاہر کی۔ مجلسِ علما کے مطابق مسلمانوں کے معروف مذہبی تحفظات کے باوجود اس طرح کے اقدامات کو رواج دینا ان کے مذہبی عقائد اور آئینی حقوق کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے، جس سے عوام میں بداعتمادی اور احساسِ بیگانگی مزید بڑھ سکتا ہے۔

مجلسِ علما نے کہا کہ اس معاملے کی بڑھتی ہوئی سنگینی کے پیشِ نظر وہ قانونی رائے حاصل کرنے پر غور کر رہی ہے اور جلد ہی متعلقہ حکام کے سامنے ایک باضابطہ یادداشت بھی پیش کرے گی۔ اس یادداشت میں جموں و کشمیر کی سرکاری تقریبات، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی پروگراموں میں ’وندے ماترم‘ کو جبراً نافذ کرنے کے عمل کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا، ساتھ ہی آئین کی جانب سے ہر شہری کو دی گئی مذہبی آزادی کے حق کا احترام یقینی بنانے پر زور دیا جائے گا۔

مجلسِ علما نے مسلمانوں، بالخصوص دینی ذمہ داریاں انجام دینے والے افراد کو یاد دلایا کہ ان پر لازم ہے کہ وہ کسی بھی دباؤ، منصب یا مصلحت سے بالاتر ہو کر اسلام کے بنیادی عقائد اور اصولوں کی پاسداری کریں۔ مجلسِ علما نے اس ضمن میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ بھی ’وندے ماترم‘ کے حوالے سے اسلامی نقطۂ نظر کی وضاحت کرتے ہوئے مذہبی اور آئینی بنیادوں پر اسے لازمی طور پر پڑھنے یا ادا کرنے کی مخالفت کر چکا ہے۔

مجلسِ علما نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ عقیدے کے معاملات، بالخصوص اسلام کے بنیادی اور اساسی عقیدۂ توحید کے حوالے سے نہ کوئی ابہام ہو سکتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی مصلحت یا سمجھوتے کی گنجائش ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جیسا کہ مجلسِ علما ماضی میں بھی متعدد مواقع پر واضح کر چکی ہے، اسلام کا بنیادی عقیدۂ توحید، یعنی اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر کامل ایمان، ہر مسلمان کے ایمان کی اساس ہے، اور اسلام میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا یا کسی بھی شخص، شے، سرزمین یا مخلوق کو الوہیت کا درجہ دینا قطعی طور پر ممنوع ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button