کشمیری بدترین بھارتی غلامی کا شکار ہیں
اسلام آباد:آج جب ”غلامی کے خاتمے “کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو مسلسل غلام بنا رکھا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غلامی کے خاتمے کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا بھر میںغلامی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔ تاہم لاکھوں کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی غلامی میں رہنے پر مجبور ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگ بدترین بھارتی غلامی کا شکار ہیں اور کشمیری خواتین کا جنسی استحصال بھی غلامی کا حصہ ہے۔بھارت محکوم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم کرنے کیلئے ان پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے لیکن وہ بھارتی غلامی کی بیڑیاں توڑنے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہونگے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور کشمیریوں کو بھارتی غلامی سے آزادی دلائے۔