لداخ

لداخ میں احتجاجی تحریک شدت اختیار کرگئی، سونم وانگچک بھوک ہڑتال میں شامل

ووٹر فہرستوں سے بڑے پیمانے پر نام خارج ، ہزاروں حقِ رائے دہی سے محروم

لہہ: لداخ کے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک گھر میں نظر بندی سے رہائی کے بعد لہہ ایپکس باڈی(ایل اے بی)کی قیادت میں جاری بھوک ہڑتال میں شامل ہوگئے ہیں۔ جمہوری حقوق اور آئینی ضمانتوںکے مطالبات کے دوران مقامی کونسلوں کے انتخابات کرانے کے انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف احتجاج میں شدت آگئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سونم وانگچک ہفتے کے روز جاری احتجاج میں شامل ہوئے۔ اسی روز لداخ بھر میں پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ بھی ہوئی۔ خطے کی دو بڑی نمائندہ تنظیموں لہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس(کے ڈی اے)نے ان انتخابات کی مخالفت کی ہے۔دونوں تنظیمیں 4دسمبر کو لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں(ایل اے ایچ ڈی سیز)کے انتخابات کرانے کے انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ سخت موسمی حالات اور انتخابی فہرستوں میں بے ضابطگیوں کے باعث انتخابات کا انعقاد مناسب نہیں۔ان کے دیرینہ مطالبات میں منتخب قانون ساز اسمبلی کا قیام، آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت آئینی ضمانتیں اور ستمبر 2025 میں لہہ تشدد کے واقعات کی عدالتی تحقیقات کی زیر التوا رپورٹ کا اجرا ء شامل ہے۔ ان واقعات میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے چار مظاہرین ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
لہہ میں سونم وانگچک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لہہ ایپکس باڈی کے چیئرمین چیرنگ دورجے لکروک نے لداخ کی سخت سردی میں انتخابات کرانے کے جواز پر شدید سوالات اٹھائے۔ انہوں نے ووٹر فہرستوں سے بڑے پیمانے پر نام خارج کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں میں وسیع پیمانے پر بے ضابطگیوں نے انتخابی عمل کی شفافیت کو متاثر کیا ہے۔لکروک نے کہا کہ ہم بتانا چاہتے ہیں کہ لداخ میں بڑے پیمانے پر ووٹروں کے نام فہرستوں سے خارج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے پہاڑی ترقیاتی کونسل کے اہم انتخابات سے قبل انتخابی فہرستوں کی شفافیت پر سنگین خدشات ظاہر کیے۔
انہوں نے انتخابات کے وقت پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نقطہ انجماد سے نیچے درجہ حرارت اور موسمی نقل مکانی کے باعث لداخ کی آبادی کا ایک بڑا حصہ سردیوں میں علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوتا ہے۔ ان میں بالخصوص طلباء اور مزدور شامل ہیں۔لکروک نے موقف اختیار کیا کہ نومبر اور دسمبر میں انتخابات کرانے سے نوجوان اور پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والے شہری عملا حقِ رائے دہی سے محروم ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ انتخابات جلد کرانے کا مقصد نئی دہلی کے ساتھ مستقبل کے مذاکرات سے پہلے خطے کی مشترکہ قیادت کو کمزور کرنا ہے۔
دوسری جانب سونم وانگچک نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پر زور دیا کہ وہ براہ راست مداخلت کرکے اس بحران کو حل کریں۔انہوں نے خبردار کیا کہ تزویراتی لحاظ سے حساس سرحدی خطے میں مقامی آبادی اور اس کے جمہوری مطالبات کونظرانداز کرنا بھارت کی سلامتی کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ کئی دیہات انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔ بعض علاقوں میں پولنگ اسٹیشن بھی ختم کردیے گئے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔4 دسمبر کو ہونے والے ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کے وقت پر سوال اٹھاتے ہوئے وانگچک نے کہا کہ لداخ کے متعدد باشندے اس وقت خطے سے باہر ہیں۔ سردیوں میں انتخابات کے انعقاد کے باعث وہ اپنا ووٹ استعمال نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے ووٹر فہرستوں سے مبینہ طور پر نام خارج کیے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں نوجوان اپنے جمہوری حقِ رائے دہی سے محروم ہوسکتے ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button