گمنام قبرستانوں میں وہ ہزاروں کشمیری مدفون ہیں جنہیں بھارتی فورسز نے گرفتارکرکے لاپتہ کردیاہے
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ کی وادی بنگس میں ایک گمنام قبرستان موجود ہے جسے مقامی طور پر مہمان قبرستان کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں ان لوگوں کو دفن کیاگیا ہے جنہیں بھارتی فورسز نے دوران حراست یا جعلی مقابلوں میں شہید کرکے غیر ملکی دہشت گرد قراردیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیاسی مبصرین کاکہنا ہے کہ کشمیری سمجھتے ہیں کہ بارہمولہ ، کپواڑہ ،گاندربل ، بانڈی پورہ، پونچھ ، راجوری اورسرینگر سمیت مختلف علاقوں میں ان گمنام قبرستانوں میں ان ہزاروں کشمیریوں کو دفن کیاگیا ہے جنہیں بھارتی فورسز نے گرفتارکرکے لاپتہ کردیاہے اورپھرانہیں دوران حراست شہید کرکے کنٹرول لائن پر جعلی مقابلوں کا ڈرامہ رچایااورشہید کئے گئے کشمیریوں پر غیر ملکی عسکریت پسند کا لیبل لگایا۔
بھارتی فورسز شہیدہونے والے مقامی مجاہدین اوردیگرکشمیریوں کی میتیں پہلے ان کے اہلخانہ کے حوالے کرتی تھیں اوروہ انہیں اپنے ہاتھوں سے سپرد خاک کرتے تھے ۔ لیکن اب بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے مجاہدین کی میتیں ان کے اہلخانہ کے حوالے نہیں کی جاتیں بلکہ قابض حکام انہیں اپنی نگرانی میں دوردراز علاقوں میں انہی گمنام قبرستانوں میں دفن کرتے ہیں ۔ تاکہ کشمیری عوام ان کے جنازوں میں شرکت نہ کرسکیں اورانہیں خراج عقیدت پیش نہ کرسکیں۔
حال ہی میں کلگام میں شہید ہونے والے کشمیری حریت پسند لطیف بٹ کو بھی اسی طرح کے ایک گمنام قبرستان میں سپردِخاک کیا گیا ہے۔ان قبرستانوں میں ہزاروں افراد دفن ہیں تاہم کسی کومعلوم نہیں ہے کہ یہ لوگ کون ہیں۔ جموں وکشمیر کوئلیشن آف سول سوسائیز اورایسوسی ایشن آف پیرنٹس آف ڈس ایپئرڈ پرسنز (اے پی ڈی پی)سمیت مختلف تنظیموں نے بھی اپنی رپورٹس میں6ہزارسے زائد گمنام قبروں کی نشاندہی کی تھی۔ خیال کیاجاتا ہے کہ ان قبروںمیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے کشمیریوں کو دفن کیاگیاہے۔
انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے بارہا ان گمنام قبروں کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے، تاہم بھارتی حکومت نہ توآٹھ ہزارسے زائد گمشدہ افرادکے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے اورنہ ہی یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے اوران گمنام قبروں میں کن لوگوں کو دفن کیاگیا ہے جس سے کشمیریوں کے یہ شبہات یقین میں تبدیل ہوجاتے ہیں کہ ا ن میں ان ہی بے گناہ کشمیریوں کی میتیں دفن کی گئی ہیں جنہیں بھارتی فورسز نے اپنی ظالمانہ کارروائیوں کے دوران گرفتارکرکے لاپتہ کردیا تھا۔







