مقبوضہ جموں و کشمیر

اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے مسرت عالم بٹ کی رہائی کے لئے اپنا کردار اداکریں: مسلم لیگ

حریت چیئرمیں پر39بارپبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کیاگیااوروہ مارچ 2015 سے مسلسل نظربند ہیں

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں مسلم لیگ نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے پارٹی سربراہ اورکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کا فوری نوٹس لیں اوران کی رہائی کے لئے موثر کردار اداکریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم لیک جموں وکشمیر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر، ا س کے خصوصی نمائندوں، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسرت عالم بٹ کی تقریباً تیس سالہ قید و بند اور 2015 سے مسلسل نظربندی کا فوری نوٹس لیں، ان کے خلاف تمام مقدمات کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیں اور ان کی فوری رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ بیان میں کہاگیاکہ گزشتہ تقریبا تین دہائیوں سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے مسرت عالم بٹ کی مسلسل نظربندی بھارتی نظامِ انصاف اور انسانی حقوق کے دعوئوں پر ایک بڑا سوال ہے ۔
بیان میں کہاگیاکہ مسرت عالم بٹ طویل ترین عرصے سے پابندِ سلاسل رہنے والے سیاسی قیدیوں میں شامل ہیں۔ ان پر 2اکتوبر 1990سے 39 بارپبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کیاگیااور مارچ 2015 سے وہ مسلسل نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہار جیل میں نظربند ہیںجہاں ان کی اسیری کو احتیاطی حراست کے قانونی و انتظامی طریقہ کار کے ذریعے برقرار رکھا گیا ہے۔بیان میں سوال اٹھایاگیاکہ کیا احتیاطی حراست کا قانون کسی شخص کو غیر معینہ مدت تک جیل میں رکھنے کا جواز فراہم کر سکتا ہے؟ احتیاطی حراست کا تصور کسی ممکنہ خطرے کی روک تھام کے لیے ایک غیر معمولی انتظامی اختیار ہے، اسے کسی شخص کو مسلسل سزا دینے یا اس کی سیاسی زندگی ختم کرنے کا متبادل عدالتی نظام نہیں بنایا جا سکتا۔
بیان میں کہاگیا اگربھارت کے پاس ان کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو اسے کھلی اور منصفانہ عدالتی کارروائی میں ان کو پیش کرنا چاہیے۔ محض نئے حراستی احکامات اور انتظامی اختیارات کے ذریعے ایک سیاسی رہنما کی آزادی کو مسلسل معطل رکھنا قانون کی روح اور انصاف کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔بھارتی آئین کا آرٹیکل 21شخصی آزادی اور زندگی کے حق کی ضمانت دیتا ہے جبکہ آرٹیکل 22احتیاطی حراست کے حوالے سے حدود متعین کرتا ہے۔ اسی طرح بین الاقوامی شہری و سیاسی حقوق کے معاہدے (ICCPR)کا آرٹیکل 9 من مانی گرفتاری اور حراست سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ان اصولوں کی روشنی میں ہر حراستی حکم کی قانونی ضرورت، معقولیت اور عدالتی جانچ ناگزیر ہے۔یہ معاملہ محض مسرت عالم بٹ کی شخصی آزادی تک محدود نہیں۔ یہ اس وسیع تر سیاسی اور انسانی حقوق کے بحران کا حصہ ہے جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاسی اختلاف کو انتظامی اور تعزیری قوانین کے ذریعے دبایا جا رہا ہے۔
بیان میں کہاگیاکہ کسی سیاسی موقف سے اختلاف ریاست کو یہ اختیار نہیں دیتا کہ وہ کسی شخص کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دے۔ احتیاطی حراست کو غیر معینہ مدت کی سزا میں تبدیل کرنا انصاف کے بنیادی تصور سے متصادم ہے۔ اگر کسی ریاست کو اپنے قانون اور عدالتی نظام پر اعتماد ہے تو اسے الزامات ثابت کرنے کے لیے منصفانہ عدالتی راستہ اختیار کرنا چاہیے، نہ کہ ایک سیاسی رہنما کی آزادی اور سیاسی حقوق کو سلب کرکے دہائیوں تک جیل میں رکھنا چاہیے۔بیان میں کہاگیاکہ مسرت عالم بٹ کی رہائی محض ایک سیاسی رہنما کی رہائی کا مطالبہ نہیں بلکہ انسانی وقار، منصفانہ عدالتی کارروائی اور بنیادی انسانی آزادیوں کے احترام کا مطالبہ ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button