بھارت کا خفیہ آکاش فضائی دفاعی نظام: علاقائی عدم استحکام کا باعث
اسلام آباد : بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اسلحہ معاہدے علاقائی عدم استحکام پیدا کرنے کے ایک خطرناک کھیل کی عکاسی کرتے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حالیہ معاہدوں میں ایک ارب ڈالر سے زائد مالیت کے آکاش فضائی دفاعی نظام کی خفیہ منتقلی غیر مستحکم سرحدی علاقوں میں جدید میزائلوں کی بھرمار کا خطرہ پیدا کرتی ہے جو 25 سے 30 کلومیٹر کی حدود میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ نظام پہلے ہی محدود تعداد میں فراہم کیے جا چکے ہیں اور خدشہ ہے کہ انہیں درمیانی واسطوں کے ذریعے افغانستان منتقل کیا جا سکتا ہے جس سے ایسے ماحول میں خطرات مزید بڑھ سکتے ہیں جہاں 20 سے زائد فعال عسکریت پسند گروہ موجود ہیں اور سرحد پار واقعات کی سالانہ تعداد 150 سے تجاوز کر رہی ہے۔
ذرائع ابلاغ کی جانچ پڑتال کے باعث سامنے آنے والے یہ انکشافات ظاہر کرتے ہیں کہ نئی دہلی شفافیت کے مقابلے میں اپنے اثر و رسوخ کو ترجیح دے رہی ہے جس کے نتیجے میں ایسے خطے میں مختلف عناصر کو اسلحہ فراہم کیے جانے کا خدشہ ہے جہاں حالیہ برسوں میں سکیورٹی سے متعلق واقعات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اسی دوران بھارت کے شراکت دار ماہانہ 50 لاکھ بیرل سے زائد ایرانی پیٹرولیم درآمد کر رہے ہیں لیکن امریکہ کی جانب سے کوئی موثر دباو نظر نہیں آتا، کیونکہ واشنگٹن پابندیوں کے نفاذ کے بجائے وسیع تر علاقائی تعلقات کو ترجیح دے رہا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے دوہرے معیارات بھارت کو بغیر کسی روک ٹوک کے اپنے فوجی اثر و رسوخ کو وسعت دینے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، جبکہ بڑھتی ہوئی کشیدگی، اسلحے کے پھیلاو¿ کے خطرات اور باہمی اعتماد کے خاتمے جیسے سنگین نتائج کو نظر انداز کیاجا رہا ہے۔انہوں نے کہا اس سے پہلے کہ یہ خفیہ اسلحہ سپلائی وسیع تر علاقائی عدم استحکام کا باعث بنے، بھارت کو جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔





