حریت وفد کی وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین سے ملاقات

گلگت :کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک وفد نے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین سے ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد میں جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، سید اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد، زاہد اشرف اور دیگر رہنما شامل تھے۔ملاقات میں مسئلہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، ریاست جموں و کشمیر کی وحدت، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، 19 جولائی یومِ الحاقِ پاکستان کی اہمیت اور گلگت بلتستان کی آئینی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرِ اعلیٰ سید امجد حسین نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر ایک تاریخی اور جغرافیائی وحدت ہے اور ہمیں اس کی وحدت پر مکمل یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں پیش کی گئی پاکستان کے ساتھ پروویڑنل الحاق کی قرارداد سے کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ یہ ایک آئینی و سیاسی مو¿قف ہے اور اس سے ریاست جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت یا کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کا پاکستان کے ساتھ پروویژنل الحاق حقِ خودارادیت کو متاثر نہیں کرے گا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے جائز حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے وزیرِ اعلیٰ کے واضح مو¿قف کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے کرنے کا مساوی حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اسی بنیادی حق کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ملاقات میں 19 جولائی یومِ الحاقِ پاکستان کی مناسبت سے گلگت میں منعقد ہونے والی مرکزی ریلی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ سید امجد حسین نے ان تقریبات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مرکزی ریلی میں شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ملاقات میں مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید مو¿ثر انداز میں اجاگر کرنے، ریاست جموں و کشمیر کی وحدت کے تحفظ اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔







