کانگریس رہنماکا راجناتھ سنگھ سے استعفیٰ کا مطالبہ ،آپریشن سندور پر پارلیمنٹ کو گمراہ کرنے کا الزام

نئی دہلی:بھارتی ریاست کرناٹک میں کانگریس کے صدر بی کے ہری پرساد نے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے آپریشن سندور پر پارلیمنٹ کو گمراہ کیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بی کے ہری پرسادنے یہ مطالبہ آپریشن سندورمیں مارے گئے 6 فوجیوں کے نام سامنے آنے کے بعد پیداہونے والے تنازعہ کے بعد کیاہے۔ ان 6 فوجیوں کے نام حال ہی میں ’قومی جنگی یادگار‘ (نیشنل وار میموریل) پر کندہ کیے گئے ہیں۔بی کے ہری پرساد نے ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے اس بیان کا حوالہ دیا ہے جو انہوں نے2025 میں پارلیمنٹ میں دیا تھا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ وزیر دفاع نے واضح طور پر کہا تھاکہ آپریشن سندور کے دوران کسی بھی بھارتی فوجی کی جان نہیں گئی۔ مارے گئے فوجیوںکے نام سامنے آنے سے وزیر دفاع کے پہلے دیے گئے بیان کاتضاد سامنے آ گیا ہے۔ہری پرساد نے کہا کہ اگر قومی اہمیت کے اتنے سنگین مسئلے پر پارلیمنٹ کو گمراہ کیا گیا ہے تو اس کی جوابدہی سے بچا نہیں جاسکتا۔ پارلیمنٹ کو گمراہ کرنے کے لیے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو استعفیٰ دینا چاہیے۔ مئی 2025 میں پاکستان کے خلاف آپریشن سندور کے دوران مارے گئے 6 بھارتی فوجیوں کے نام اب نئی دہلی میں واقع قومی جنگی یادگار پر کندہ کر دیے گئے ہیں۔







