فیفا نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کو معطل کردیا
نئی دلی 16 اگست (کے ایم ایس)
انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹ بال (فیفا)نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف)کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹ بال نے ایک بیان میں کہاہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کو فوری طور پر معطل کر دیاگیا ہے اور اب بھارت رواں سال اکتوبر میں خواتین کے انڈر 17 عالمی فٹ بال کپ کی میزبانی نہیں کر سکے گا۔ فیفا نے کہاکہ یہ فیصلہ تیسرے فریق کی غیر ضروری مداخلت کی وجہ سے کیا گیاہے۔رواں ماہ کے آغاز میں فیفا نے تیسرے فریق کی مداخلت پر آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کو معطل کئے جانے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ فیفا کونسل کے بیورو نے متفقہ طور پر آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کو تیسرے فریق کے غیر ضروری اثر و رسوخ کے سبب فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو فیفا کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔معطلی کے حوالے سے فیفا نے کہاہے کہ جب آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن ایگزیکٹو کمیٹی کے اختیارات مکمل طورپر سنبھال لے گی اور ایڈمنسٹریٹرز کی ایک کمیٹی قائم کرنے کاحکم جاری کرے گی تو یہ معطلی ختم کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ رواں سال نومبر میں فیفا عالمی کپ بھی منعقد ہورہا ہے ۔