نئی دلی میں وزیر اعظم نہیں راجہ بیٹھا ہوا ہے، راہل گاندھی
نئی دلی 10فروری( کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ نئی دلی میں وزیر اعظم نہیں بلکہ ایک راجہ بیٹھا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ہریدوار میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نئی دلی میں وزیر اعظم نہیں ہیں، وہاں راجہ بیٹھا ہوا ہے۔ ہمیں ایسی حکومت نہیں چاہیے۔ ہمیں غریب عوام کی، کسانوں کی، چھوٹے تاجروں کی اور نوجوانوں کو روزگار دلوانے والی حکومت چاہیے۔ راہل گاندھی نے مودی حکومت کے طرز حکمرانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اگر نریندر مودی کو لگتا ہے کہ ان سے سبھی کو ڈر لگتا ہے، تو وہ غلط ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اگر مودی جی کو لگتا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ذریعے وہ کسی کو بھی دبا دیں گے، تو وہ غلط ہیں۔ راہل گاندھی نے کہاکہ انہیں مودی سے ڈر نہیں لگتا بلکہ ان کے تکبر کو دیکھ کر ہنسی آتی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ جاری ہے جبکہ ریاست اتراکھنڈ میں بھی انتخابی سرگرمیاں زورو شور سے جاری ہیں۔