بھارت کے بے بنیاد دعوے تنازعہ کشمیر کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتے ، دفتر خارجہ
اسلام آباد 10فروری( کے ایم ایس)
پاکستان نے دو ٹوک الفاظ میں کہاہے کہ غیر قانونی طورپر زیر قبضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے بے بنیاد دعوے تاریخی حقائق اورتنازعہ کشمیرکی قانونی حیثیت کوتبدیل نہیں کرسکتے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہی کبھی بھار ت کا حصہ ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو جموں وکشمیر میں ایک غاصب کی حیثیت حاصل ہے اور بھارت کے 5اگست2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو کشمیری عوام ، پاکستان اور عالمی برادری نے مسترد کردیا ہے جن کامقصد مقبوضہ علاقے کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنا ہے ۔ ترجمان نے پاک چین اقتصادی راہداری پر بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد اور من گھڑت بیان کو واضح طورپر مسترد کردتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے 2020اور2021میں جاری کئے گئے اپنے ڈوزیئرز میں بھی سی پیک کو سبوتاژ کرنے کے بھارت کے مذموم عزائم کے ناقابل تردیدشواہد پیش کئے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بھارت کے ملوث ہونے کے پختہ ثبوت موجود ہیں اور کلبھوشن یادیواس بات کا زندہ اور ناقابل تردید ثبوت ہیں۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں کی سرپرستی کی کوشش کررہا ہے۔