کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات
اسلام آباد10فروری( کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے رہنمائوں نے آج اسلام آباد میں آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کنوینرمحمد فاروق رحمانی کی قیادت میں حریت رہنمائوں نے بیرسٹر سلطان سے ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کوبین الاقوامی فورموں پر اٹھانے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے کیلئے موثر حکمت عملی وضع کر نے کی ضرورت پر زوردیا ۔ اس موقع پرآزادکشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزادکشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنانے پر زور دیا اور کہاکہ آزادکشمیر کی سیاسی جماعتیں و سینئر سیاسی قیادت مکمل طورپر متحد ہیں اور گزشتہ دنوں ہونے والی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس میں ہم نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے واضح عملی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے مکمل طورپر باخبر ہیں اور اس سلسلے میں دنیا کے ہر فورم پر جا کر عالمی ضمیر کو جھنجوڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں 24فروری کو اسلام آباد میں ایک کشمیر ریلی منعقد کی جائے گی جبکہ بعد ازاں اندرون و بیرون ملک ریلیوں اور کانفرنسوں کے انعقادکے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جائے گا۔وفد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء سید فیض نقشبندی، محمود احمد ساغر، شیخ متین، اعجاز رحمانی، نثار مرزا، عبدالمجیدمیراور الطاف حسین وانی شامل تھے۔