کشمیریوں کو اپنی منفرد شناخت کے تحفظ کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا، فاروق عبداللہ
سرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے کی منفرد شناخت کو محفوظ بنانے کے لیے مل کر کام کریں جو بی جے پی حکومت نے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی طور پر چھین لی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے یہ بات سری نگر میں ایک تقریب کے دوران پارٹی کارکنوں سے بات چیت کے دوران کہی۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ چیلنجوں کے باوجود اپنے عوامی رابطے کی مہم کو تیز کریں اور لوگوں کو اس منظم حملے کے بارے میں بتائیں جو بھارتی حکومت نے کشمیر پر کیاہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہمیں اپنی منفرد شناخت پر ہمیشہ فخر رہا ہے اور ہم نے مل جل کرعلاقے کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیا ہے لیکن اب ہمارے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لہذا یہاں رہنے والے تمام مذاہب اور ذاتوں کے ماننے والوں کو اپنی منفرد شناخت کو محفوظ بنانے کیلئے ایک ساتھ کام کرنا ہوگا۔