مقبول بٹ ،افضل گورو کی قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی، علی رضا سید
برسلز12فروری(کے ایم ایس) کشمیرکونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے معروف کشمیری آزادی پسند رہنماﺅں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر کی سرزمین کے ان عظیم بیٹوں کی قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے شہید رہنماﺅں کی برسیوں کے حوالے سے کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام برسلز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان عظیم کشمیری سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر تحریک آزادی کو ایک نئی جلا بخشی ۔ انہوںنے بھارتی حکومت پر زوردیاکہ شہید مقبول بٹ اور افضل گورو کے اجساد خاکی کوکشمیرمیں انکے ورثاءکے حوالے کرے تاکہ وہ اسلامی طریقے سے انکی تدفین کر سکیں۔انہوں نے عالمی برداری خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کیاکہ وہ بھارت کے سخت گیر رویے کا نوٹس لے اور دونوں شہید رہنماﺅں کی میتوں کی واپسی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔ علی رضا سید نے کہا کہ بھارت حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں قید کر کے اور انہیں تختہ دار پر چڑھا کر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کسی صورت دبا نہیں سکتا۔انھوں نے کہا کہ حق پر مبنی کشمیریوں کی تحریک ضرور کامیاب ہوگی اور انہیں ایک دن آزادی ملکر رہے گی۔تقریب کے دوران افضل گورو اور مقبول بٹ شید کی زندگی اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے انکی کاوشوں سے متعلق ایک وستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور آخر میںا فضل گورو ،مقبول بٹ او ر شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی ۔