نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم اور بھارتی ریاستی دہشت گردی پر اظہا ر تشویش
مظفرآبادیکم مارچ (کے ایم ایس)
پاسبان حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی افواج کے مظالم اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔
عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے جعلی مقابلوں میں نہتے کشمیری نوجوانوں کاقتل عام ، شہریوں کی گرفتاریوں اور گھروں اور بستیوں کوتباہ کرنے کا گھنائوناسلسلہ مسلسل جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔تاہم انہوںنے واضح کیاکہ وہ دن دور نہیں جب جموں وکشمیرمیں آزادی کا سورج طلوع ہو گا ۔ عزیر احمد غزالی نے کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوجی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی تحریک مزاحمت کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کی حکومت ، سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیمیں ، سول سوسائٹی اور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے بھارت کیخلاف منظم تحریک شروع کریں۔انہوں نے کہاکہ پاسبان حریت کے زیر اہتمام جلد ہی ضلع نیلم کے صدر مقام اٹھمقام سے دارالحکومت مظفر آباد تک ایک مارچ کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے ریاست گیر عوامی مزاحمتی تحریک ناگزیر ہے۔