بھارت میں مودی حکومت ہندوتوا سوچ کو ہوا دے رہی ہے: فرخ حبیب
اسلام آباد، 03 مارچ (کے ایم ایس) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بھارت میں نریندر مودی کی فسطائی حکومت جمہوریت کو فروغ دینے کے بجائے ملک میں ہندوتوا سوچ کو ہوا دے رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے آج اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس سے متاثر مودی حکومت ہندوتوا کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور مسلمانوں سمیت اقلیتوں کے خلاف مظالم کا ارتکاب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مختلف وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کا ارتکاب کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بابری مسجد کا انہدام، حجاب پر پابندی اور اقلیتوں پر مظالم بھارتی انتہا پسندی کا ناقابل تردید ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جمہوریت کے نام پر سازشوں کا گڑھ ہے اور اس کا عظیم سیکولر ملک ہونے کا دعویٰ حقائق کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور سوشل میڈیا کے جعلی پلیٹ فارمز کا استعمال کرکے جعلی خبریں پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ Disinfo Lab EU نے اس سلسلے میں ملوث 750 بھارتی جعلی ویب سائٹس کو بے نقاب کیا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ دوسری طرف پاکستان دنیا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔