نریندر مودی کے انتخابی حلقہ وارانسی میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی چوری کی ویڈیو وائرل
لکھنو 09مارچ (کے ایم ایس)
بھارت میں سماج وادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادونے وزیر اعظم نریندر مودی کے انتخابی حلقے وارانسی کے ایک پولنگ اسٹیشن سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی چوری کا الزام عائد کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اکھلیش یادو نے لکھنو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وارانسی کے ایک رائے شماری مرکز سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں چوری کی جارہی ہیں جبکہ ووٹوں کی گنتی کو محض دو روز باقی ہے۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طورپر دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرک میں ای وی ایم مشینیں موجودہیں۔ انہوں نے مودی حکومت پرانتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ 2017 میں ہونے والے انتخابات میں لگ بھگ 50نشستوں پر بی جے پی کی جیت کا فرق 5ہزار ووٹوں سے کم تھا۔اکھلیش یادونے وزیراعظم مودی کے انتخابی حلقہ وارانسی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوشل راج شرما کے اس دعویٰ کہ ویڈیو میں دکھائی گئی ٹرک میں موجود ای وی ایم مشینیں انتخابات میں استعمال نہیں کی گئی اوراستعمال ہونے والی مشینیں سی آر پی ایف کی تحویل میں اسٹرانگ روم میں مہربند کر کے محفوظ کی گئی ہیں، کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وارانسی میں ہم نے ایک ٹرک روکا اور دو ٹرک فرار ہوگئے۔ اگر کوئی مشکوک سرگرمی نہیں ہے تو ای وی ایم لے جانے والے دو ٹرک کیوں فرار ہوئے؟ انہوں نے کہاکہ انتخابی امیدواروں کی مرضی کے بغیر کہیں سے بھی کوئی ای وی ایم مشین منتقل نہیں کی جاسکتی ۔ اکھلیش یادو نے کہاکہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کو فون کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی کی شکست کی صورت میں ووٹوں کی گنتی کی رفتار سست کر دی جائے اور اب جبکہ ای وی ایم مشینوں کی چو ری پکڑی گئی ہے تو عہدیدار مختلف بہانے بنارہے ہیں۔