بی جے پی مقبوضہ کشمیرمیں اپنی ساکھ بحال کرنے کیلئے انتظامیہ کا استعمال کر رہی ہے ، ہرش دیو
جموں 09مارچ (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل پینتھرز پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مقبوضہ علاقے میں اسمبلی انتخابات سے قبل اپنی کھوئی ہوئی ساکھ دوبارہ بحال کرنے کے لیے انتظامیہ کا استعمال کر رہی ہے۔
ہرش دیو سنگھ نے جموں کے ضلع سانبہ میں رام گڑھ کے علاقے رکھ بٹالی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گجرات، اترپردیش اور دیگر بھارتی ریاستوں سے مقرر کیے گئے بیوروکریٹس بی جے پی کی قیادت کی ایما پر مقبوضہ علاقے کے امور چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کئی اطلاعات ملی ہیں کہ افسران نے کشمیری عوام سے اپنے مسائل کو بی جے پی کے بعض منتخب لیڈروں کے ذریعے پیش کرنے کو کہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ حزب اختلاف کے رہنمائوں کی طرف سے پیش کیے گئے ہنگامی نوعیت کے کاموں کو بھی ہندوتوا حکومت کی سرپرستی میں کام کرنے والی انتہائی متعصب انتظامیہ نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ترقیاں اور تبادلے بھی بی جے پی کے قائدین کی ہدایات پر کئے جارہے ہیں۔ نیشنل پینتھرز پارٹی کے رہنما یش پال کنڈل نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کئی لیڈروں اوربی جے پی سے وابستہ سیاسی جماعتوں اپنی پارٹی اور پیپلز کانفرنس کے رہنمائوں کو بغیر کسی استحقاق کے اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری رہائش گاہوں بشمول وزراکے بنگلے الاٹ کئے گئے ہیں۔ کنڈل نے مزید کہا کہ قابض انتظامیہ نے اپوزیشن لیڈروں کی سیکورٹی پر تعینات اہلکاروں کو تو واپس بلا لیا ہے تاہم بی جے پی کے چھوٹے سے چھوٹے کارکن کی سیکورٹی پر اہلکاروں کی بھاری نفری کو تعینات کیاگیا ہے ۔