بھارت خطے کے لیے خطرہ بن چکا ہے کیونکہ وہ اپنے دفاعی اثاثوں کو کنٹرول نہیں کر سکتا: ڈاکٹر معید
اسلام آباد 12 مارچ (کے ایم ایس) قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت خطے اور دنیا کے لیے بہت بڑا خطرہ بن چکا ہے کیونکہ وہ اپنے دفاعی اثاثوں کو کنٹرول نہیں کر سکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر معید یوسف نے بدھ کو پاکستان میں بھارتی سپرسونک میزائل گرنے کے پس منظر میں اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تین دن بعد بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے اس واقعے کی وضاحت پیش کی گئی۔قومی سلامتی کے مشیر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سپرسونک پراجیکٹائل کے حادثے پر بھارت کی نام نہاد وضاحت کی تحقیقات کرے کیونکہ اس سے شہریوں کی زندگیوں کو براہ راست خطرہ ہے۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بھارت نے ایسے ہائی ٹیک آلات کو لانچ کرنے سے پہلے پاکستان کو اعتماد میں لینے کی زحمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ تسلیم کرنے میں دو دن سے زیادہ کا وقت لگا کہ یہ ان کا میزائل تھا جو بظاہر دیکھ بھال کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے فائر ہواتھا۔قومی سلامتی کے مشیر نے امید ظاہر کی کہ ہائی ٹیک ہتھیاروں کو سنبھالنے میں بھارتی غفلت اور نااہلی کے بعد عالمی برادری خطرے کو بھانپ لے گی۔