بھارت : ریاست مدھیہ پردیش میں گیند لگنے پر مسلمان نوجوان کا قتل
بھوپال14 مارچ (کے ایم ایس)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں کرکٹ کی بال لگنے پر مشتعل ہندﺅں کے ایک گروہ نے ایک 17 سالہ مسلمان نوجوان فیضان منصوری کو تیز دھار چاقو سے وار کر کے قتل کردیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع کھرگون کے قصبے مہیشور میں کرکٹ میچ کے دوران تیز شاٹ مارنے پر گیند روشن نامی ایک راہگیر کو لگ گئی جس پر اس نے اپنے دوستوں شبھم، ساجن، روہت اور کانہا کے ساتھ مل کر شاٹ مارنے والے نوجوان ریحان سے بلا چھین کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ ریحان کسی طرح ان کے چنگل سے بھاگ نکلا۔جس کے بعد ان لڑکوں نے ریحان کے بھائی فیضان کو پکڑ لیا۔ روشن اور اس کے دوستوں نے فیضان منصوری کو چاقو کے پے در پے وار کرکے شدید زخمی کردیا۔ مسلمان نوجوان کو شدید زخمی حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔تاہم نجی اسپتال نے جھگڑے کے باعث کیس لینے سے انکار کردیا جس پر فیضان کو سرکاری اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ طبی امداد ملنے سے پہلے ہی دم توڑ گیا۔فیضان منصوی کی موت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے 4 افراد کو گرفتارکیا جبکہ ایک فرار ہے۔