عمران خان نے اسلامو فوبیا کے خلاف کامیاب جدوجہد کی:جی این شاہین
سرینگر16مارچ (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ جی این شاہین نے 15مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرارداد کا خیر مقدم کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جی این شاہین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسلام فوبیا سے نمٹنے کے لئے 57مسلمان ممالک کے تعاون سے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی تاریخی قرارداد منظور کی اور 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے اسلام فوبیا کے خلاف کامیاب جدوجہد کی قیادت کی۔جی این شاہین نے کہا کہ مجھے عمران خان کویہ کہتے ہوئے سن کر خوشی ہوئی کہ میں بھارت کے خلاف نہیں بلکہ بھارتی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پوری دنیا میں مسلمانوں کی ایک طاقتور آواز بن کر ابھرے ہیں۔