اسلام آباد : مرحوم قائد سید علی گیلانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
اسلام آباد 08ستمبر ( کے ایم ایس)
” فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل “ نے بزرگ حریت قائد شہید علی گیلانی کی یا د میں اسلام آباد پر یس کلب میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقررین نے تعزیتی ریفرنس سے اپنی تقاریر میں سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری مرحوم رہنما کے مشن کو اسکے پایہ ءتکمیل تک پہنچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ سید علی گیلانی نے تحریک آزادی کی جو شمع روشن کی ہے وہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی تک ہرگز بجھنے نہیں دی جائے گی۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم قائد پاکستان کے ایک سچے شیدائی تھے اور جموں وکشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے حوالے سے انتہائی مضبوط دلائل رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم قائد اپنی آخری سانس تک اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے رہے اور بھارت کا کوئی بھی حربہ یا لالچ انہیں حق پر مبنی موقف سے ہٹا نہیں سکا انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑرہا ہے اور اسکا ظلم و ستم کشمیریوں کو جھکانے میں ناکا م ہو چکا ہے لہذاا سے نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے کشمیریوںکو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دینا چاہیے۔ تعزیتی ریفرنس سے وفاتی زیر سید فخر امام ،آزاد جموں کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان، پارلیمانی سیکرٹری ثوبیہ کمال، حریت رہنما غلام محمد صفی، ارشاد محمود، غزالہ حبیب خان ،چیئرپرسن فرنڈزآف کشمیرانٹر نیشنل افضل بٹ,مظہر برلاس، عامر محبوب ، ڈاکٹر خالد آفتاب سلہری، زمان باجوا اور عبدالحمید لون نے خطاب کیا۔