مقبوضہ جموں وکشمیرکے کلیدی محکموں پر نئی دہلی کا کنٹرول ناقابل قبول ہے:طارق قرہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کانگریس کے سربراہ طارق حمید قرہ نے کہاہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی ان کی پارٹی کابنیادی مطالبہ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طارق حمید قرہ نے سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حالیہ انتخابات کے دوران ریاستی حیثیت کی مکمل بحالی نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ انتخابات میں ہمارا مقصد واضح تھا کہ جموں و کشمیر کے لیے ریاست کا درجہ حاصل کرناہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ مسئلہ پارٹی کی مہم میں ایک مرکزی نقطہ تھا۔ طارق قرہ نے تصدیق کی کہ کانگریس ریاستی حیثیت کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ ہونے تک حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔انہوں نے ان رپورٹس کو ناقابل قبول قرار دیا جن میں کہاگیا ہے کہ جموں وکشمیر کے کچھ اہم انتظامی محکمے نئی دہلی کے کنٹرول میں ہی رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم نامکمل ریاست نہیں مانتے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم محکموں پر نئی دہلی کا کنٹرول قابل عمل نہیں ہے۔ طارق قرہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے لیے پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔