اترپردیش :بی جے پی کے سابق ایم ایل اے کی ریلی میں مسلمانوں کی نسل کشی کے اعلانات
نئی دلی22 مارچ (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سدھارتھ نگر میں ڈومریا گنج کے سابق ایم ایل اے راگھویندر پرتاپ سنگھ کے زیر اہتمام ایک ریلی میں مسلمانوں کے قتل عام کے اعلانات کئے گئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائر ل ہونے والی ریلی کی ویڈیو زمیں ہندو بلوائیوں کو مسلمانوں کے قتل عام کااعلان کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ ویڈیو میں راگھویندر پرتاپ سنگھ کو ڈومریا گنج میں اپنے سینکڑوں حامیوں کی ایک ریلی کی قیادت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ 19 مارچ کو نکالی گئی ریلی میں گزشتہ سال اگست میں جنتر منتر نئی دلی میں ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے مسلمانوں کی نسل کشی کے اعلانات کی طرح کے نعرے لگائے گئے ۔ ریلی میں شریک انتہا پسندوں نے ”جب ملے کاٹے جائیں گے، تب رام رام چلائیں گے” جیسے اشتعال انگیز نعرے لگائے ۔ راگھویندر پرتاپ سنگھ جو کہ مسلمانوں سے نفرت کے بارے میں اپنی اشتعال انگیز تقاریر کیلئے بدنام ہے اپنی انتخابی مہم کے دوران متعدد مواقع پر مسلمانوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کی وجہ سے خبروں میں رہے ہیں۔ اپنی ایک انتخابی ریلی کے دوران راگھویندر پرتاپ سنگھ نے اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ جب سے وہ ایم ایل اے بنے ہیں، مسلمانوں نے سرپر ٹوپیاں پہننا چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے انہیں دوبارہ اقتدار دلایا تو مسلمان تلک لگانا شروع کر دیں گے۔ انہوں نے بی جے پی کو ووٹ نہ دینے والے ہندوئوں کی توہین کرتے ہوئے انہیں غدار قراردیا۔ نفرت انگیز تقریر پر راکھو یندر سنگھ کے خلاف بھوانی گنج پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔مقامی ایس پی سدھارتھ نگر نے بتایا کہ پولیس ویڈیو فوٹیج کی صداقت کی تصدیق کر رہی ہے۔