پاکستان دشمن کی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے، صدر علوی
اسلام آباد 23 مارچ (کے ایم ایس) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور وہ کسی بھی بیرونی جارحیت سے سختی سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر مملکت نے آج اسلام آباد کے پریڈ ایونیو میں یوم پاکستان پریڈ سے اپنے خطاب میں کہا کہ میں دشمن پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان بحیثیت قوم اپنی خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پڑوسی ملک کے توسیع پسندانہ عزائم جنوبی ایشیا کی سلامتی اور استحکام کے لیے باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کا ذکر کیا اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکیں۔صدر مملکت نے اپنے وطن کو مضبوط اور خوشحال بنانے پر ملک کی مسلح افواج اور قوم کی بہادری اور حوصلے کو سراہا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم اور تمام ریاستی اداروں نے ملک میں جمہوریت کی بالادستی کی حمایت کی ہے۔انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن اس لحاظ سے خاص ہے کہ یہ ملک کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہے۔ انہوں نے ان ہم وطنوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک کی خودمختاری کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں اور اس کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور متحد قوم ہونے کے ناطے ہم اپنے مادر وطن کی سالمیت اور خودمختاری کو بلند رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔