میری حکومت کشمیریوں کو فائدہ پہنچانے والے بلوں میں رکاوٹ نہیں بنے گی ، عمر عبداللہ
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اسمبلی میں کسی بھی ایسے بل میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی جس سے علاقے کے لوگوں کو فائدہ پہنچتا ہو۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے کلگام میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں بل پیش کرنے کے فیصلے کا حق سپیکر کے پاس ہے ۔ انہوں نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کی جانب سے اراضی کے حقوق سے متعلق بل کی تجویز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بل سے جموںوکشمیر کے لوگوں کو فائدہ پہنچتا ہوتو میری حکومت اس کی منظوری میں رکاوٹیں پیدا نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تاہم کون سے بل پیش کیے جانے ہیں اسکا فیصلہ سپیکر نے ہی کرنا ہوتا ہے۔
عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا اپنا وعدہ فوری پورا کرے ۔






