مقبوضہ جموں وکشمیر: قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسوں کے خلاف مظاہرے
جموں 26 مارچ (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جموں اور سری نگر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں شہر کے علاقے نئی بستی کے رہائشیوں نے بجلی کے مہنگے بلوں کی وصولی کے خلاف پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی) کے خلاف مظاہرہ کیا۔ احتجاج کرنے والوں جن میںخواتین اور بچے بھی شامل تھے نے سڑک پر دھرنا دیا۔ مشتعل مظاہرین نے ذرئع ابلاغ کے نمائندوںکو بتایا کہ انہیں مہنگے بل مل رہے ہیں جبکہ وہ بہت کم بجلی استعمال کر رہے ہیں۔شیوسینا کے کارکنوں نے جموں کے توی پل پر مودی حکومت کے خلاف علاقے میں ’اب تک کی سب سے زیادہ مہنگائی پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ”بھوکے دن اچھے دنوں کے انتظار میں اور انتخابات کے دوران مہنگائی رک جاتی ہے“ جیسے نعرے درج تھے۔
دریں اثنا آل جموں و کشمیر کنٹیجینٹ پیڈ کک ملازمین نے بھی سرینگر میں زیر التواءتنخواہ کی اجرائی اور کم از کم اجرت ایکٹ کے نفاذ کے لیے زبردست مظاہرہ کیا۔ احتجاجی ملازمین نے اپنے ساتھ حکام کے ناروا رویے کے خلاف نعرے لگائے۔