محبوبہ مفتی کو سرینگر میں سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کا نوٹس
سرینگر22اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ وہ سرینگر میں اپنی سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے جا رہی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے اپنے آبائی علاقے بجبہاڑہ میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرینگر میںسرکاری رہائش گاہ خالی کرنے جا رہی ہیں اوریہ ان کے لیے کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے انہیں سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کا نوٹس بھیجا ہے جس میں ان کا خاندان 2005سے رہائش پذیر ہے جب ان کے والد مفتی محمد سعید علاقے کے وزیر اعلی تھے۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ میں حیران ہوں کہ ذرائع ابلاغ اس مسئلے کو اچھال رہے ہیں جو عوامی اہمیت کا حامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے شوپیاں میں ایک نوجوان عمران بشیر گنائی کو دوران حراست قتل کردیا لیکن اس پر کوئی بات نہیں کرتا ۔